جوڈیشل کمیشن رپورٹ پر فیصلہ کر کے انصاف فراہم کیا جائے، والدین شہداء APS

July 01, 2022

پشاور (نمائندہ جنگ)سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور میں شہید ہونیوالے بچوں کے والدین نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن رپورٹ پر فیصلہ کرکے انصاف فراہم کیا جائے پشاور پریس کلب میں اے پی ایس میں شہید ہیونیوالے طالب علم اسفندیار کی والدہ شاہانہ نے دیگر شہداء کے والدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک میں شہید ہونیوالے پیاروں کے غم آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہے جو ہمیں چین سے جینے نہیں دیتا انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے حکومتی سطح پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے صلح کیلئے مذاکرات شروع کئے تھے جو اس وقت ہمارے احتجاج پر وقتی طور پر نہ ہوئے تاہم اب ایک بار پھر ٹی ٹی پی سے مذاکرات کا عمل شروع کیا گیا جس پر ہمیں شدید تحفظات ہیں اور ہمیں اس حوالے سے اعتماد میں لیا جائے اے پی ایس کے شہداء کے لواحقین نے کہا کہ اس سلسلے میں 28جون کو پشاور ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن بھی دائر کی ہے تاہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اگر ہمیں مذاکراتی عمل میں اعتماد میں نہ لیا گیا تو ایکبار پھر عدالتوں سے رجوع کرنے پر مجبور ہونگے انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہےچیف جسٹس شہداء کو انصاف دلائیں گے ۔