رنگ روڈ سکینڈل، انکوائری کمیٹی نے سابق کمشنر کو بے گناہ قرار دیدیا

July 02, 2022

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) وزیر اعظم کے حکم پر قائم انکوائری کمیٹی نے رنگ روڈ سکینڈل میں سابق کمشنر راولپنڈی کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود کو بے گناہ قرار دیدیا ہے۔ وزیر اعظم نے رنگ روڈ سکینڈل میں سابق کمشنر /پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد محمود کے خلاف الزامات کی ازسر نو تحقیقات کیلئے ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی لاہور عمر رسول کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی۔کمیٹی نے تحقیقات کے بعدجاری ہونے والے حکم میں کہا گیا ہے کہ20اپریل کوجو چارج شیٹ یا الزامات کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود کے خلاف لگائے گئے تھے، اس ان کو بری کیا جاتا ہے۔حکم نامے کی کاپی چیف سیکرٹری پنجاب،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود کو بھجوائی گئی ہے۔کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود سابق کمشنر /پراجیکٹ ڈائریکٹر رنگ روڈ کو28مئی 2021کو شروع ہونے والی رنگ روڈ سکینڈل کی تحقیقات کے نتیجے میں گرفتار کیا گیا۔بعد میں ان کو معطل کردیا گیا تھا۔ اینٹی کرپشن نے رنگ روڈ منصوبے میں بے قاعدگیوں کی تحقیقاتی رپورٹ مکمل ہونے پر 13جولائی کو اینٹی کرپشن ایکٹ کی دفعہ 5/2/47کےعلاوہ تعزیرات پاکستان کی دفعات 409،420، 468، 471 اور 166 کے تحت مقدمہ نمبر 6درج کیا تھا4صفحات پر مبنی ایف آئی آر میں غیر قانونی الائنمنٹ،غیر قانونی معاوضوں اور ایوارڈز کی ادائیگی اور اختیارات کے ناجائز استعمال سمیت دیگر الزامات لگائے گئے تھے۔جبکہ اینٹی کرپشن سے قبل سابقہ حکومت کی ہی قائم کی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی میں بھی ایک/دو کے تناسب سے محمد محمود پر الزامات کو مسترد کیا گیاتھا۔