بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے بعد آئی ٹی پارک و یونیورسٹی بنائیں گے، حافظ نعیم

July 03, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کو جب بھی بلدیہ میں حکومت ملی ہم نے کم وقت اور محدود وسائل میں عوام کی خدمت کی، جماعت اسلامی کا میئر کراچی میں آئی ٹی پارک اور آئی ٹی یو نیورسٹی بنائے گا، ایسے ماڈل اسکول بنائیں گے جس میں بغیر کسی طبقاتی تقسیم کے سب بچے تعلیم حاصل کر سکیں، ہمارا میئر آئے گا تو کراچی کے عوام کے حقوق لے کر رہے گا اورکراچی کے مسائل حل ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار ا نہوں نے حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع ائیر پورٹ اورضلع شمالی کے تحت ”خواتین بلدیاتی کنونشن“ سے علیحدہ علیحدہ خطاب کرتے ہوئے کیا۔کنونشن سے امیر ضلع ایئرپورٹ توفیق الدین صدیقی، امیر ضلع شمالی محمد یوسف، ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب،سابق رکن مرکز ی شوریٰ صبوح طلعت ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر نائب ناظمہ کراچی جاویداں فہیم،ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات کراچی شبانہ نعیم،ناظمہ ضلع شمالی مہر افشاں،سعدیہ طاہرودیگر بھی موجود تھیں۔