عافیہ صدیقی کی والدہ بیٹی کے لئے پریشان رہتی تھیں‘ آمنہ مسعود جنجوعہ

July 03, 2022

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) چیئر پرسن ڈیفنس آف ہیومن رائٹس نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ عصمت صدیقی کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔ اپنے بیان میں آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا کہ اپنی بیٹی عافیہ صدیقی کیلئے وہ لمبے عرصے تک دکھ میں مبتلا رہیں اور ہر وقت بیٹی کیلئے پریشانی اور اذیت میں رہتی تھیں- انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت اور آخرت کے مراحل کو آسان فرمائے۔ آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا کہ یہ دکھ کی ایسی گھڑی ہے جس میں ہمارے پاس وہ الفاظ نہیں جن سے ڈاکٹر فوزیہ کو تسلی دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فی الفور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہائی دلائی جائے تاکہ وہ اپنے بچوں اور بہن کے ساتھ مل سکیں اور ماں کی وفات جیسے شدید غم اور دکھ کی مشکل گھڑی میں اپنے خاندان والوں کے ساتھ ہوں۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اگر اس دکھ کے موقع پر غمزدہ خاندان کو کوئی دلاسہ دینا چاہتے ہیں تو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہائی دلائیں تاکہ انکے غم پر مرہم رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کے تمام ممبران اور لاپتہ افراد کی فیملیز سب ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ کی وفات پر انکے خاندان کے ساتھ غم میں برابر کی شریک ہیں اور ان کیلئے مغفرت کی دعا کرتے ہیں۔