ترقی کے مخالف عناصر کا عوام خود محاسبہ کرینگے‘ڈاکٹر ناشناس لہڑی

July 03, 2022

کوئٹہ(پ ر)ڈاکٹر ناشناس لہڑی نے محمد ندیم شاہ حسینی احمد علی مینگل ثناءاللہ قلندرانی کی ساتھیوں سمیت بی این پی عوامی میںشمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرمایہ دارانہ نظام نے ملک کی معاشی صورتحال کوجھکڑ رکھا ہے، آج بدقسمتی سے آئی ایم ایف اپنی منشا پر ملک میں پٹرول کی قیمتوں کا تعین اورملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ کرتا ہے جوسامراجی نظام کا بدترین چہرہ ہے ۔ کشمیر آباد قمبرانی روڈ سے ایک قوم پرست جماعت سے مستعفی ہو کر بی این پی عوامی میںشامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں ،بی این پی عوامی شعوری انداز میں بلوچستان کے مظلوم و محکوم عوام کی آسودگی کے لئے جدوجہد کر رہی ہے ۔میر اسد اللہ بلوچ اپنی بساطت کے مطابق نہ صرف نوجوانوں کو روزگار فراہم کر رہے ہیں بلکہ شعوری انداز سے دوستوں کی تربیت بھی کر رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں کہ عوام بی این پی عوامی میں شمولیت پر فخر محسوس کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے کچھ لوگوں کو بی این پی عوامی اور میر اسد اللہ بلوچ کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے اقدامات ہضم نہیں ہو رہے وہ کبھی زراعت کی پوسٹوں پر اسٹے لیتے ہیں تو کبھی مکران یونیورسٹی آف پنجگور کے وائس چانسلر کے آرڈر منسوخ ہونے پر، اب عوام خود فیصلہ کریں کہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا درست عمل ہے یا غلط ،عوام اب خود ایسی سوچ رکھنے والوں کا محاسبہ کریں ۔نئے شامل ہونے والوں میں محمد ندیم شاہ حسینی احمد علی مینگل ثناءاللہ قلندرانی علی شیر شاہ حسینی محمد نعیم مینگل نظام الدین مینگل جمال الدین مینگل حمیداللہ سمالانی محمد عارف سمالانی سعداللہ سمالانی و دیگر نے کہا کہ ہم جس قوم پرست جماعت میں تھے انہوں نے مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا اب جب ہم مستعفی ہو رہے ہیں تو چار سال بعد ان کو علاقے میں ترقیاتی کام یاد آرہے ہیں ۔