اگلے ماہ 3 ایونٹ میں شرکت کرنیوالے والی بال کھلاڑیوں کو مشکلات

July 04, 2022

کراچی( اسٹاف رپورٹر) قومی والی بال ٹیم اگلے ماہ7سے14اگست تک تائیوان میں ہونے والےاے وی سی کپ انٹر نیشنل والی بال ایونٹ میں حصہ لے گی، جبکہ اسی دوران قومی ٹیم کو ترکی کے شہرکونیا میں کھیلے جانے والے اسلام یک جہتی گیمز میں شرکت کرنا ہے، جس کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان والی بال فیڈریشن نے دو مختلف ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب نے بتایا ہے کہ دونوں ایونٹ کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے مکسڈ ٹیم تشکیل دی جائے گی،انہوں نے کہا کہ قومی جونیئر والی بال ٹیم22سے29اگست تک بحرین میں کھیلی جانے والی ایشین انڈر21والی بال چیمپئن شپ میں حصہ لے گی اس لئے بعض جونیئر کھلاڑیوں کو سنیئر ٹیم میں موقع دیا جاسکتا ہے، برازیلین کوچ کرسٹیانو روڈریگس کیمپوس ان دنوں قومی سنیئر اور جونیئر کھلاڑیوں کو پی او اے ایف واہ میں ٹریننگ دے رہے ہیں، جہاں کھلاڑیوں کو گرم موسم کا سامنا ہے، ایئر کنڈیشنر درست کام نہیں کررہا جس سے کھلاڑی بیمار پڑ گئے ہیں،انہوں نے کہا تمام ایونٹ کے لئے ٹیموں کو اس ماہ کے تیسرے ہفتے تک حتمی شکل دے دیں گے، ممکنہ کھلاڑیوں کے نام آرگنائزنگ کمیٹیوں کو بھیج دیئے ہیں۔ عید الاضحی کی وجہ سے کیمپ میں دس دن کا وقفہ کیا جائے گا۔