این ایچ اے کو متوفی ملازم کی بیوہ کو ملازمت دینے کے وفاقی محتسب کے احکامات برقرار

July 04, 2022

اسلام آ باد ( نما ئندہ خصوصی ) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو متوفی ملازم کی بیوہ کو ملازمت دینے کے وفاقی محتسب کے احکامات برقرار رکھے ہیں ۔صدر مملکت نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی متوفی ملازم کی بیوہ کو وزیر اعظم کے امدادی پیکیج کے تحت مزید وقت ضائع کیے بغیر تعینات کرے، صدر مملکت نے ہدایت کی کہ این ایچ اے تعمیل کی رپورٹ 30دنوں کے اندر وفاقی محتسب کو جمع کرائے۔ صدر نے کہا کہ افسوس کہ پانچ نابالغ بچوں پر مشتمل متاثرہ خاندان کے چار سال ضائع کئے گئے۔ بیوہ نے شوہر کی وفات کے بعد ایک سال کا مقررہ وقت گزر جانے کے بعد ملازمت کیلئے درخواست دی جسے مسترد کیا گیا تھا۔ بیوہ نے انصاف کیلئے وفاقی محتسب کے پاس درخواست جمع کرائی جس نے نوکری دینے کے احکامات جاری کئے۔