مقبوضہ کشمیر کے کرکٹرز کو مظفرآباد میں کشمیر پریمیئر لیگ کھیلنے کی دعوت

July 04, 2022

شارجہ (بیورو رپورٹ) جموں جانباز کے چیئرمین غلام حسین شاہد نے کشمیر پریمیئر لیگ کی نئی فرنچائز ٹیم جموں جانباز نے سری نگر اور جموں کےکرکٹرز کو بھی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مظفرآباد آئیں، جموں جانباز کا حصہ بنیں، کرکٹ کھیلیں، دوستی کے رشتے قائم کریں اور اپنے بچھڑے خاندانوں سے میل ملاپ کریں۔ یہ دعوت انہوں نے شارجہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران دی۔ غلام حسین شاہد نے کہا کہ اُن کا پیغام انسانیت ہے، مقصد کرکٹ کا فروغ ہے اور کشمیری ٹیلنٹ دنیا کے سامنے لانا ہے۔ ٹیم جموں جانباز کے چیئرمین نے اعلان کیا کہ اُن کی فرنچائز کے کپتان اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی ہوں گے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ٹیم جموں جانباز نوید احمد نے کہا کہ فرنچائز کو ٹیلنٹ کی تلاش ہے اور ٹیم مینجمنٹ کا فوکس خطہ کشمیر کے باصلاحیت کرکٹرز کی جانب ہے۔