خود کو سیاست سے الگ کرنے کیلئے فوج کو پراجیکٹ بنانے کی ضرورت، فواد چوہدری

July 05, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے آرمی چیف کی خواہش کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے ذاتی خیال میں فوج کو تین سال کا پراجیکٹ بنانے کی ضرورت ہے جس کے ذریعےفوج خود کو سیاست سے علیٰحدہ کرے ، ایک آرڈر سے یہ ہونا ممکن نہیں ایسا ہی ایک پراجیکٹ عدلیہ کو بھی چاہئے، اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاور پالیٹکس میں اسٹیبلشمنٹ کی حصہ داری ہوتی ہے ، انفارمیشن کے انقلاب کے بعد ساری سیاست ہی اسٹیبلشمنٹ کے ارد گرد گھومے یہ ممکن نہیں رہا، ایک توازن کی ضرورت ہو گی، آرمی چیف اور فوجی قیادت کی یہ سوچ بالکل درست سمت میں ایک قدم ہو گا۔دریں اثنا مریم نواز کی ٹویٹ پر انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان نواز شریف نہیں ہے، آپکے ترجمان میڈیا گروپ جس کو آپکی حکومت نے اربوں روپے دئیے ایسی حرکتیں کرتے رہیں گے، عمران خان آج پاکستان کی آزادی ، خودمختاری ، تحفظ اور سالمیت کا استعارہ ہے۔