مختلف حادثات و واقعات میں 3 افراد جاں بحق، ایک شخص کی لاش ملی

July 06, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مختلف حادثات وواقعات میں3افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شخص کی لاش ملی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سعید آباد تھانے کی حدود بلدیہ یوسف گوٹھ بکرا پیڑی کے قریب کام کے دوران تھلّے کی چھت سے گرکر ایک عمران ولد حاجی رمضان مزدور جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ،متوفی بلدیہ کا ہی رہائشی بتایا جاتا ہے،ایم اے جناح روڈ رمپا پلازہ کے قریب تیز رفتاری کے باعث ہونے والے حادثے کے نیتجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ متوفی کی عمر 30 سال کے قریب ہے اور فوری طور پر اسکی شناخت نہیں ہوسکی۔عزیز آباد تھانے کی حدود عزیز آباد بلاک چار سندھی اسکول کے قریب کمپنی میں لفٹ گرنے سے ایک مزدور جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو عباسی اسپتال منتقل کیا گیا۔ متوفی کی شناخت 28 سالہ بلال کے نام سے ہوئی ۔ لیاقت آباد تھانے کی حدود سندھی ہوٹل کے قریب نالے میں ڈوبی ہوئی ایک شخص کی لاش ریسکیو ادارے کے رضاکاروں نے نکال کر عباسی شہید اسپتال منتقل کی ،پولیس کے مطابق متوفی کی عمر 40سے 45برس ہے تاہم فوری طور پر اسکی شناخت اور موت کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی،پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش کو سردخانے منتقل کر دیا ۔