کراچی(اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا، نومولود سمیت 2 افراد کی لاشیں ملیں ، کورنگی سنگر چورنگی دارالعلوم کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکرکی زد میں آ کر موٹر سائیکل پر سوار 50 سالہ محفوظ حسین شاہ ولد الیاس جاں بحق اور 25 سالہ قاسم ولد محفوظ شدید زخمی ہوگیا،حادثے کے بعد واٹر ٹینکر کا ڈرائیور فرار گیا، مشتعل شہریوں نے واٹر ٹینکر کو آگ لگادی ، اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور فائربریگیڈ کے عملے کو طلب کیا جس نے واٹر ٹینکر میں لگی آگ کو بجھایا ،جاں بحق اور زخمی باپ بیٹا اور بھینس کالونی روڈ نمبر 8 کے رہائشی ہیں،متوفی کے بھائی نے بتایا کہ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ بھائی کی لاش ٹکڑوں میں تقسیم ہو گئی، سائٹ سپر ہائی وے کے قریب منی ٹرک کی ٹکر سے محمد سلمان ولد اسماعیل شدید زخمی ہوگیا جو عباسی شہید اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا،پولیس نے منی ٹرک تحویل میں لیکر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے،کورنگی نمبر 6 جلیبی چوک کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 55 برس کا شخص شدید زخمی ہو گیا جو جناح اسپتال میں دوران علاج وہ چل بسا ، فوری شناخت نہیں ہو سکی ۔