فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں دو بھائیوں سمیت 7 افراد زخمی

July 06, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 7افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق جوہر آباد تھانے کی حدودو ایف بی ایریا بلاک 9سنگم گراؤنڈ کے قریب لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے دو سگے بھائی انس اور شاہنواز ولد شاہین زخمی ہوگئے جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی نمبر ڈھائی میں لوٹ مار کے دوران ملزموں کی فائرنگ سے 42سالہ آصف ولد کاشف زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ بلال کالونی تھانے کی حدود نیو کراچی سندھی ہوٹل بکرا پیڑی کے قریب جھگڑے کے دوران چھریوں کے وار سے 43سالہ محمد اظہار ولد حشمت علی زخمی ہوگیا جسے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا۔ منگھوپیر تھانے کی حدود نارتھ ٹاؤن صائمہ ولاز کے قریب آپسی جھگڑے کے دوران فائرنگ سے دو بھائی محمد انور اور عید محمد ولد مولا بخش زخمی ہوگئے جنہیں عباسی اسپتال منتقل کیا گیا۔ کھارادار تھانے کی حدود جوڑیا بازار مرچی گلی کے قریب گھر میں نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے 9سالہ زین ولد ذیشان زخمی ہوگیا جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔