الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں سے سالانہ گوشواروں کی تفصیلات طلب کرلیں

July 06, 2022

اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں سے سالانہ گوشواروں اور اخراجات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ 29 اگست تک تصدیق شدہ گواشواروں کیساتھ سیاسی جماعتوں کے سربراہان ممنوعہ فنڈنگ نہ لینےسے متعلق بیان حلفی بھی ساتھ جمع کرائیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں سے 29اگست تک سالانہ گوشواروں اور اخراجات کی تفصیلات طلب کرلیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتیں 29اگست 2022تک گوشواروں کی تفصیلات جمع کرائیں، سیاسی جماعتیں مالی سال 2021-22 کے اخراجات آمدنی واجبات کی تفصیلات جمع کروائیں۔