واسا مالی بحران کا شکار، ملازمین تنخواہ سے محروم، عید کی خوشیاں ماند

July 06, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) واسا ملتان کے مالی بحران نے ملازمین کی عید کی خوشیاں ماند کردی ہیں، جولائی کے5 روز گزرنے کے باوجود بھی سیکڑوں ریگولر اور ڈیلی ویجز ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں،محکمہ واسا کی واٹر سپلائی اور سیوریج کے بلوں کی ریکوری نہ بڑھنے کی وجہ سے مالی بحران بھی سنگین ہوتا جا رہا ہے، جولائی کے5روز گزرنے کے باوجود واسا کے سیکڑوں ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں جبکہ عید الاضحیٰ میں صرف4 روز باقی ہیں تاہم تنخواہیں تاخیر کا شکار ہونے سے ملازمین کو گھر چلانے میں مشکلات کا سامنا ہے جو بچوں کیلئے عید کی شاپنگ سے بھی محروم ہیں بلکہ ان کے لئے سنت ابراہیمی کی ادائیگی بھی انتہائی مشکل ہو گئی ہے، واسا ملازمین کا کہنا ہے کہ چھوٹے ملازمین ہر ماہ تنخواہ کے انتظار میں رہتے ہیں تاہم تنخواہ گزشتہ کچھ ماہ سے مسلسل تاخیر کا شکار ہو رہی ہے ، ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر تنخواہیں جاری کی جائیں۔