ملتان (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ کی آمد سے قبل سیکرٹری ہیلتھ کاسروس ٹریبونل کے حکم پر بحال ہونے والےایم ایس نشتر سے اظہار ناراضی، ذرائع کے مطابق سیکرٹری ہیلتھ عظمت محمود کا ڈاکٹر راؤ امجد علی سے سخت لہجے میں مکالمہ، ذرائع کے مطابق سیکرٹری ہیلتھ عظمت محمود نے وزیراعلیٰ پنجاب کی آمد سے قبل ہسپتال کے انتظامات کا جائزہ لیا،اس موقع پر انہوں نے ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر راؤ امجد علی سے سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے مبینہ طور پر کہا کہ ’’تم یہاں کیا کر رہے ہو؟‘‘ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری ہیلتھ کی جانب سے ایم ایس کی سرزنش کے باعث موقع پر موجود افسران اور عملے میں بھی تشویش کی کیفیت پیدا ہوگئی۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر راؤ امجد علی کی بطور ایم ایس تعیناتی پہلے بھی انتظامی سطح پر تنازع کا شکار رہی ہے۔ کچھ عرصہ قبل انہیں ایم ایس کے عہدے سے معطل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد اے ایم ایس ڈاکٹر عبدالقادر کو ایم ایس کا اضافی چارج سونپا گیا تھا۔بعد ازاں ڈاکٹر راؤ امجد علی نے اپنی معطلی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا، جہاں سے حکم کے بعد انہیں دوبارہ ایم ایس نشتر ہسپتال کے عہدے پر بحال کر دیا گیا تھا۔ عدالتی حکم کے نتیجے میں ڈاکٹر راؤ امجد علی نے دوبارہ اپنے عہدے کا چارج سنبھالا، تاہم ان کی تعیناتی کے حوالے سے انتظامی معاملات بدستور توجہ کا مرکز رہے ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب کی آمد کے موقع پر سیکرٹری ہیلتھ کی جانب سے ایم ایس نشتر ہسپتال کی مبینہ سرزنش نے ہسپتال کے انتظامی امور اور افسران کے درمیان رابطہ کاری کے حوالے سے بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔