ملتان ( سٹاف رپورٹر ) ڈسٹرکٹ بار ملتان کے سابق صدر ملک محبوب علی سندیلہ نے سائلین کیلئے بائیو میٹرک ویری فکیشن لازمی قرار دینے اور اس مد میں فیس وصولی کے خلاف ایک رٹ درخواست دائر کی تھی جس کی سماعت ہائی کورٹ ملتان بینچ کے جج جسٹس چوہدری محمد اقبال نے منگل کے روز کی اور فیصلہ محفوظ کر لیا ۔پیٹیشنر کے وکیل سید ریاض الحسن گیلانی نے کہا کہ بایو میٹرک ویری فیکیشن کی فیس سائلین پر اضافی بوجھ ہے رٹ کے قابل سماعت نہ ہونے کے اعتراض کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایڈمنسٹریٹو آرڈر کے خلاف درخواست ہے اور مختلفہ نظیروں کی بنیاد پر قابل سماعت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بایو میٹرک ویری فیکیشن کی فیس میں بار کیلئے 60 روپے اور عدالتی عملے کیلئے 20 روپے رکھے گئے ہیں جو کہ سراسر ناجائز ہیں دفتری عملے کو حکومت بھاری تنخواہیں ادا کرتی ہے اور یہ فیس صرف پنجاب میں ہے ورنہ ملک بھر میں کہیں بھی بایو میٹرک ویری فیکیشن ضروری نہیں۔ ہے۔ پیٹیشنر کے کونسل سید ریاض الحسن گیلانی نے اس عدالتی پالیسی کو سائلین کے ساتھ ناانصافی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بائیو میٹرک ویری فکیشن کی شرط فوری طور پر واپس لی جائے، اور اس رٹ کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے ۔