3روزہ مینگو فیسٹیول ختم، آموں کی ڈشز کے مقابلے،فوڈ سٹال لگائے گئے

July 06, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر)ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ڈی ایچ اے اور مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کے زیراہتمام جاری 3 روزہ مینگو فیسٹیول کا اختتام پذیر ہوگیا۔میلے کے تیسرے روز آموں کی ڈشز کے مقابلےہوئے، جس میں پروفیشنل مینگو ڈش میکروں کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں نے بھی آموں کی مختلف ڈش مقابلہ میں حصہ لیا 200 سے زائد آموں کی ‏ڈشز کے مقابلہ جات میں منور حسین،رانا آصف ٹیپو،ملک عابد نے ججز کے فرائض سرانجام دیے اس کے ساتھ ساتھ آموں کے 30 فوڈ سٹال لگائے گئے۔جن میں 50 سے زیادہ آموں کی ڈشز پیش کی گئیں۔مینگو جوس،مینگو حلوہ،مینگو چاکلیٹ، مینگو کیک،مینگو چکن تکہ وغیرہ شامل تھیں۔ اس کے بعد مینگو ڈیجیٹل ایکسپورٹ سیمینار کا اہتمام کیا گیا،محمد علی نےآم کی موجودہ ڈیجیٹل مارکیٹ کے بارے میں لوگوں کو بتایا۔اس موقع پر مس رابعہ سلطان نے کہا کہ ہمیں ڈیجیٹل مارکیٹ کے خدشات لوگوں کے دور کرنے کی ضرورت ہے، اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ ہم اگلے سال آم کی نئی ورائٹی سامنے لائیں گے، اس میلہ سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ بہت کچھ نیا سیکھنے کو بھی ملتا ہے، جلد ہی مینگو میوزیم ڈی ایچ اے میں بنانے کے قابل ہو جائیں گے ،تقریب کے اختتام پر مینگو گروورز، انڈسٹری سٹالز لگانے والوں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔