صوبے میں لمپی سکن اور کانگو وائرس کے پھیلاوکو روکنے کیلئے ہنگامی اقدامات

July 06, 2022

پشاور(جنگ نیوز) ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک (توسیع) خیبرپختونخوا عالم زیب مہمند کی زیر صدارت صوبے میں محکمہ لائیو سٹاک کے ضلعی افسران کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں لمپی سکن اور کانگو وائرس کے جانوروں میں پھیلائو اور ان کی روک تھام کے حوالے سے تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک توسیع عالمزیب مہمندنے کہا کہ صوبائی وزیر زراعت اور لائیو سٹاک محب اللہ خان اور سیکرٹری محمد اسرار کی ہدایت کے مطابق محکمہ کے تمام افسران اور عملہ لمپی سکن اور کانگو وائرس کے پھیلائوکو روکنے کے لئے نہ صرف چوکس رہیں بلکہ اپنی خدمات ایمانداری اور قومی جذبہ سے انجام دیتے ہوئے ہمہ وقت مصروف عمل رہیں تاکہ بیماریوں کے پھیلائوکو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ویٹرنری ڈاکٹروں اور ویٹرنری اسسٹنٹس کی عید کے دن کے علاوہ تمام چھٹیاں ختم کی گئی ہیں اور وہ صرف عید کے دن چھٹی کر سکیں گے باقی دنوں میں تندہی کے ساتھ اپنی ڈیوٹی بدستور سر انجام دیں گے ڈائریکٹر جنرل نے محکمے کے تمام عملہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ باقی تمام سرگرمیوں کو فی الوقت چھوڑ کر ان بیماریوں کے کنٹرول پر توجہ مرکوز کریں اس حوالے سے صوبے کے ہر ضلع میں مانیٹرنگ کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو اپنی بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں گی اور اپنی رپورٹ کے ذریعے صورتحال سے متعلقہ حکام کو آگاہ کریں گی اسی طرح ہر ضلع کے مویشی مراکز اور منڈیوں میں موبائل ویٹرنری کلینکس بھی قائم کی گئی ہیں جو مویشیوں کی حفاظتی ویکسینیشن کے ساتھ ساتھ منڈیوں میں سپرے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔