این اے 245، انتخابات کی تاریخ سے متعلق درخواست پر فریقین طلب

July 07, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے معروف اینکر پرسن عامر لیاقت حسین کے انتقال کے بعد حلقہ این اے 245 کی خالی نشست پر انتخابات کی تاریخ تبدیل کرنے سے متعلق پی ایس پی کی درخواست پر آئندہ سماعت پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ، الیکشن کمیشن کے وکیل و دیگر فریقین کو طلب کرلیا۔ جسٹس صلاح الدین پہنور کی سربراہی میں بینچ کے روبرو معروف اینکر عامر لیاقت حسین کے انتقال کے بعد این اے 245 میں الیکشن کی تاریخ تبدیل کرنے سے متعلق پی ایس پی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جواب جمع کرایا ہے کہ تیاریاں مکمل ہے اور محرم الحرام شروع ہونے والا ہے، تاریخ تبدیل نہیں ہوسکتی۔ محرم الحرام قابل احترام مجالس ویسے شام کو ہوتی ہیں۔ اس پہلے بھی انتخابات رمضان المبارک میں ہوچکے ہیں جبکہ ہم نے اس وقت بھی استدعا کی تھی تاریخ تبدیل کی جائے۔ عوام کی سہولت کو دیکھنا چاہئیے۔ اس سے پہلے بھی حلقہ این اے 240 میں ٹرن آؤٹ بہت کم تھا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے لیکن انتخاب تو ہوا اور جو جیتا وہ رکن بھی بنا۔ ووٹنگ کا تناسب انتہائی کم تھا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ، الیکشن کمیشن کے وکیل و دیگر فریقین کو طلب کرتے ہوئے سماعت 15جولائی تک ملتوی کردی۔ درخواست گزار پی ایس پی کے مرکزی رہنما ارشد وہرا نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ این اے 245 میں الیکشن 27 کے بجائے 31 جولائی اتوار کے دن رکھا جائے۔