انرجی اصلاحات پر کام کرنا بہت ضروری ہے، معاشی تجزیہ نگار

July 07, 2022

کراچی(ٹی وی رپورٹ)معاشی تجزیہ نگاروں خرم شہزاد، محمد سہیل اور فہد عرفان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انرجی اصلاحات پر کام کرنا بہت ضروری ہے، آئل کی قیمتیں نیچے آتی ہیں تو تجارتی خسارہ اور مہنگائی کم ہوگی، آئی ایم ایف آن بورڈ آجائے گا، روس مذاکرات کی میز پر آئے گا تو تیل کی قیمتیں مزید نیچے آئیں گی ۔تفصیلات کے مطابق معاشی تجزیہ نگار خرم شہزاد نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب سے بڑی تبدیلی تیل کی قیمتوں میں تبدیلی سے آتی ہے۔ جب بھی فوڈ، آئل اور انرجی کی قیمتیں اوپر نیچے ہوتی ہیں اس حساب سے مہنگائی میں کمی یا زیادتی ہوتی ہے۔ اس کے اثرات کرنسی اور قرضہ جات پر بھی پر بھی آتے ہیں۔ ہمارے آئل بل میں28 فیصد حصہ انرجی بل کاتقریباً20 ارب ڈالر کاانرجی بل اس سال ریکارڈ ہونے جارہا ہے۔ اگر آئل کی قیمتیں10 ڈالر کم ہوتی ہیں تو تقریباً800 ملین ڈالر کا فرق آپ کی درآمد ات پر پڑتا ہے۔ تیل تقریباً20 ڈالر گرا ہے اس کے ساتھ ساتھ گندم، پام آئل کی قیمتیں بھی کم ہوئی ہیں۔ اگر تیل کی قیمتیں90 ڈالر سے نیچے آتی ہیں اوربرقرار رہتی ہیں تو حکومت قیمتیں کم کرسکے گی۔ آئی ایم ایف آن بورڈ آجائے گا۔