دل کی اچھی صحت کیلئے روزمرہ کی فائدہ مند غذائیں

August 04, 2022

دل کی دھڑکن انسان کے زندہ ہونے کی علامت ہوتی ہے۔ یہ رُک جائے تو انسان خاک سے جا ملتا ہے۔ دل ہمارے جسم کا ایک بہت ہی اہم عضو ہے لیکن ہم جانے انجانے میں ذہنی دباؤ اور مضر صحت چیزیں استعمال کرکے اسے نقصان پہنچاتے رہتے ہیں۔ آج کے تیز تر دور میں ہم میںسے اکثر کا انحصار فاسٹ فوڈ کھانوں پر ہوتا ہے، یہ کھانے اکثر خراب چکنائی سے بھرپور ہوتے ہیں۔ ایسے کھانے کولیسٹرول کی سطح بڑھادیتے ہیں، جس کی وجہ سے دل کی بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔

دل کو صحت مند رکھنے کے لیے فاسٹ فوڈ اور پروسیسڈ کھانوں سے پرہیز کرنے سے بڑھ کر بھی بہت کچھ کرنا پڑتا ہے۔ دل کو صحت مند رکھنے کے لیے ان کھانوں کا استعمال بھی کرنا چاہیے جو کولیسٹرول، فشار خون (Blood Pressure) اور تیزابیت میں کمی کا باعث بنتے ہیں۔ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دل کی صحت کے لیے عام طور پر وہ غذائیں مفید ہوتی ہیں جو اینٹی آکسیڈنٹ، وٹامن ’بی‘ فیملی، وٹامن ’سی‘ اور وٹامن ’ای‘کے علاوہ فائبر، مونو سیچوریٹڈ چکنائی اور ملٹی سیچوریٹڈ چکنائی سے بھرپور ہوتی ہیں۔

سادہ الفاظ میں یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ دل کی صحت برقرار رکھنے کے لیےقدرتی غذاؤں پر مشتمل خوراک کا استعمال کیا جائے اور حتی الامکان تیارشدہ پیک کھانوں سے دور رہا جائے۔ آج ہم آپ کوکچھ ایسی غذاؤں کا بتا رہے ہیں، جونا صرف آپ کے دل کی شریانوں کو صاف کر کے آپ کو صحت مند بناتی ہیں بلکہ ہارٹ اٹیک کے خطرات سے بھی محفوظ رکھتی ہیں۔

مچھلی

دل کی صحت کے لیے مفید غذائیں عام طور پر اومیگا3 ایسڈز سے بھرپور ہوتی ہیں۔ یہ چربی والی مچھلیوں مثلاً سالمن، میکریل، سارڈین، ہیرنگ، ہیڈاک اور دیگر اقسام کی چکنائی والی مچھلیوں میں بکثرت پایا جاتا ہے۔ مچھلی کا استعمال دل کی دھڑکن میں بے قاعدگی اور دل کی شریانوں میں خون کے جم جانے جیسے خطرات سے بچاتا ہے۔

اسے ہفتے میں دو سےتین بار استعمال کرنا بہت فائدہ مند ہے۔ بادام بھی مفید چکنائی سے بھرپور ہوتا ہے جو کولیسٹرول کی سطح کو معتدل رکھتا ہے اور یہ وٹامن’ای‘، پروٹین اور فائبر سے بھرپور ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ فلیکس بیج بھی اومیگا3 روغنیات اور فائبر سے بھرپور ہوتا ہے۔

دلیہ

دل کی صحت کے لیے ضروری ہے کہ کولیسٹرول کی سطح کو کم رکھا جائے اور نظام ہاضمہ کے مسائل سے دور رہا جائے۔ اس کے لیے فائبر کا استعمال بہت مفید رہتا ہے۔ دلیہ، باجرے اور ’جو‘ میں زبردست مقدار میں فائبر پایا جاتا ہے۔ باجرے اور جو میں Beta-Glucanنامی فائبر پایا جاتا ہے، جو انسانی صحت کے لیے بیش بہا مفید ہے، یہ انسانی جسم میں ناصرف انسولین مزاحمت کو کم کرتا ہے بلکہ مدافعتی نظام کو بھی مضبوط بناتا ہے۔باجرے اورجو کو ناشتے میںشامل کرنا انسانی دل کے لیےمفید رہتا ہے۔

خشک میوہ جات

خشک میوہ جات میں پروٹین اور فائبر پایاجاتا ہے، جس سے دل کی بیماریوں کو دور رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ خشک پھلوں میں وٹامن ای بھی وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے، جس سے کولیسٹرول کنٹرول میںرہتا ہے۔ مونگ پھلی بھی دل کے لیے انتہائی مفید ہے۔

ڈارک چاکلیٹ

ڈارک چاکلیٹ کا استعمال کولیسٹرول کو کنٹرول کرتا ہے۔ ساتھ ہی جسم میں سوزش اور خون کو جمنے سے بھی بچاتا ہے۔ ڈارک چاکلیٹ میں چائے کی طرح خون کو پتلا کرنے والا فلیوونوائیڈمادہ موجود ہوتا ہے۔ خیال رہے یہ مادہ صرف تیز گہرے رنگ کی چاکلیٹ میں موجود ہوتا ہے جبکہ ہلکے رنگ کی چاکلیٹ میں نہیں ہوتا۔

فولک ایسڈ والی غذائیں

فولک ایسڈ وٹامن ای ہی کی ایک قسم ہے۔ یہ حیاتین نئے خلیے بنانے میںبھی کام آتا ہے۔ ماہرین طب کا کہنا ہے کہ روزانہ مطلوبہ مقدار میں فولک ایسڈ لینے والے افراد امراض قلب میں مبتلا ہونے سے محفوظ رہتے ہیں۔ لہٰذا فولک ایسڈ والی غذاؤں کو اپنی روزمرہ خوراک میں شامل رکھیے۔ یہ حیاتین گائے کے جگر، ساگ، چاول، شاخ گوبھی اور پھلیوں میں ملتا ہے۔ بچوں کو 200اور بالغوں کو یومیہ 400مائکروگرام فولک ایسڈ کی ضرورت ہوتی ہے۔

گہرے سبز پتوں والی سبزیاں

گہرے سبز پتوں والی سبزیوں میں وٹامن اے، سی، ای اور کے بڑی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ ان میں اینٹی آکسیڈنٹس بھی ہوتے ہیں، جو جسم سے نقصان دہ مادوں کوخارج کرنے میں اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ اس سے بھی بڑھ کر یہ کہ گہرے سبز پتوں والی سبزیاں کیلشیم، میگنیشیم اور پوٹاشیم سے بھی بھرپور ہوتی ہیں، جو انھیں صحت مند دل کے لیے ناگزیر بناتی ہیں۔

زیتون کا تیل

دن میں دو چمچ زیتون کا تیل کولیسٹرول اور خون میں شوگر کی مقدار کوکنٹرول کرتا ہے۔ روغن زیتون میں مونوسیچوریٹڈ چکنائی اور Oleic Acid پائے جاتے ہیں جو امراض قلب میں مبتلا ہونے کے خطرات کو کم کرتے ہیں۔

سبز چائے

دن میں ایک کپ سبز چائے کولیسٹرول بننے سے روکتی ہے۔ سبز چائے، میٹابولزم کو بڑھاتی اور وزن کم کرنے میں مدد کرتی ہے۔ اس کے علاوہ، امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن بھی سبز چائے کے استعمال کو دل کے لیے مفید قرار دے چکی ہے۔

پھل

انار میں اینٹی آکسیڈنٹ موجود ہوتے ہیں ،جو بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتے ہیں۔ یہ خون کی گردش کو معمول پر لاتے ہیں اور ہیموگلوبن کو بڑھاتے ہیں۔ گریپ فروٹ ایک اور زبردست پھل ہے۔ روزانہ ایک گریپ فروٹ کھانے سے خون کی نالیوں میں رکاوٹیں دور ہوتی ہیں، برے کولیسٹرول کی مقدار 10فی صد تک کم ہوتی اور بلڈ پریشر نارمل ہوجاتا ہے۔ پپیتا کیروٹین، بیٹا کیروٹین، لوٹین، اینٹی آکسیڈنٹ، وٹامنز، فولک ایسڈز اور میگنیشیم سے بھرپور ہوتا ہے۔ تربوز، دل کی صحت کے لئے بہت مفید ہوتا ہے۔ اس میں اینٹی آکسیڈنٹ موجود ہوتے ہیں جو کولیسٹرول کنٹرول کرنے میں مددکرتے ہیں ۔

لہسن اور ادرک

لہسن کا استعما ل شریانوں کو صاف کرتا، بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتا اور شریانوں میں خون کو جمنے سے روکتا ہے۔ لہسن، قبض کا خاتمہ کرنے اور وزن کو کم کرنے میں بھی مدد دیتاہے۔ اس کے علاوہ، ادرک بھی کولیسٹرول کو کم کرتی ور الرجی کو دور بھگاتی ہے۔