مرکزی امام بارگاہوں میں 10محرم تک لوڈ مینجمنٹ ختم

August 07, 2022

اسلام آباد( جنگ نیوز) آئیسکو فیلڈ فارمیشنز نے محرم الحرام اور یوم عاشور کے دوران بجلی کی بلاتعطل ترسیل اور بجلی سے متعلقہ شکایات کے بر وقت ازالے کیلئےضروری اقدامات کر لئے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد خان اور آپریشن ڈائریکٹر محمد اسلم خان کی ہدایات پر فیلڈ افسران نے ضلعی انتظامیہ اور مجالس کے منتظمین سے ملاقاتیں کیں اور ماتمی جلوسوں کے ممکنہ روٹس اور مجالس کے اوقات کار کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ضلعی انتظامیہ اور مجالس منتظمین کی مشاورت سے مرکزی امام بارگاہوں پر کسی بھی قسم کی لوڈ مینجمنٹ 7 سے10 محرم تک ختم کر دی گئی ہے جبکہ دیگر امام بارگاہوں میں دوران مجالس کسی قسم کی لوڈ مینجمنٹ نہیں کی جائے گی۔ ماتمی جلوسوں کے روٹس میں آنیوالی بجلی کی تاروں اور ٹرانسفارمرز کو منظم کرلیا گیا ہے اور اس کے علاوہ شکایات دفاتر کو اضافی ٹرانسفارمرز،بجلی کی تاریں، میٹر اور ٹرانسفارمرز ٹرالیاں فراہم کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال پر فوری طور پر قابو پایا جا سکے۔فیلڈ افسران وعملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ تمام آپریشن سرکلز میں مانیٹرنگ سیل قائم کردیئے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد میں مرکزی کنٹرول روم سے چیف ایگزیکٹو آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد خان اور آپریشن ڈائریکٹر محمد اسلم بجلی کی ترسیل اور شکایات کے بروقت ازالے کی براہ راست نگرانی کریں گے۔چیف ایگزیکٹو نے تمام فلیڈ فارمیشنز کو کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی سستی برداشت نہیں کی جائے گئی اور مرکزی ماتمی جلوسوں کے ہمراہ آئیسکو کی ٹیمیں مکمل ٹی اینڈ پی کے ساتھ موجود رہیں گی۔ کسی بھی شکایات کی صورت میں صارفین اسلام آباد سرکل میں قائم مانیٹرنگ سیل کے نمبرز 051-9253095, 0319-5990104، راولپنڈی سٹی سرکل کے نمبرز051-9292676, 0319-5990305، راولپنڈی کینٹ سرکل 051-5181112, 0319-5990605، اٹک سرکل 051-4950343, 0319-5990201، جہلم سرکل0544-920375, 0319-5990401 اور چکوال سرکل کے نمبرز0543-668690, 0319-5990501 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ سینٹرل کمپلینٹ اینڈمانیٹرنگ سیل کے فون نمبرز 051-9252933-34 اور آئیسکو ہیلپ لائن 118 بھی24گھنٹے صارفین کی شکایات کے اندارج اور ازلے کے لئے میسر رہیں گے۔