حضرت امام حسینؓ اور ساتھیوں کی یاد میں 8ویں محرم کا عزاداری جلوس

August 08, 2022

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور انکے ساتھیوں کی کربلا کے میدان میں دی گئی قربانیوں کی یاد میں آٹھویں محرم الحرام کا عزاداری جلوس اتوار کو امام بارگاہ المرتضیٰ جی نائن ون سے برآمد ہوا۔ شہر کے مختلف علاقوں سے علم اور ذوالجناح کے جلوس مرکزی جلوس میں شامل ہوئے۔ قائد ملت جعفریہ مرحوم آغا حامد موسوی کے صاحبزادگان آغا سید مرتضیٰ موسوی اور آغا علی روح العباس موسوی نے بھی ماتمی جلوس میں شرکت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر انڈسٹریل ایریا کی قیادت میں 5مجسٹریٹ جلوس کے ساتھ فرائض انجام دیتے رہے جبکہ ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن اور ڈی آئی جی آپریشنز نے بھی جلوس کا جائزہ لیا۔ ٹی این ایف جے کے سیکرٹری جنرل سید شجاعت علی بخاری نے اعلان کیا کہ ہمیں پاکستان سے اُسی طرح محبت ہے جس طرح نواسہ رسولؐ امام حسینؓ کو مدینہ سے تھی۔ انہوں نے عشرہ محرم کے دوران بجلی و گیس کی مسلسل لوڈ شیڈنگ کو اذیت ناک اور قابل افسوس قرار دیا۔ آغا حامد موسوی مرحوم کے فرزندان سمیت دیگر علمائے کرام نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ کی پرامن اتحاد اخوت کی پالیسی کو جاری رکھیں گے۔ محمدی چوک جی نائن ٹو میں علامہ قمر حیدر زیدی نے خطاب میں کہا کہ اسلام کی سربلندی‘ کشمیرو فلسطین‘ وطن عزیز کے دفاع اور شیعہ سنی اخوت و یگانگت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ علامہ بشارت حسین امامی‘ ذوالفقار علی راجہ‘ علامہ سید زاہد عباس کاظمی سمیت دیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا۔ جلوس کراچی کمپنی امام بارگاہ جعفر صادق میں اختتام پذیر ہوا۔