قرآن پاک و اہل بیت اطہار سے تعلق رکھا تو گمراہی نہیں ہو گی‘ پیر حسان

August 08, 2022

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمد حسان حسیب الرحمان نے کہا ہے کہ ہمارے آقا و مولا حضور نبی کریمؐ کا ارشاد پاک ہے کہ جب تک تم قرآن کریم و اہل بیت اطہار سے اپنا تعلق، رشتہ اور نسبت مضبوط رکھو گے تو کبھی گمراہ نہ ہو گے اور میرے صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعٰین چمکتے ستاروں کی مانند ہیں جن کی پیروی کرو گے تو ہدایت پا جائو گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکھ بلوچ منڈی بہائو الدین کے مقام پر یا رسول اللّٰہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محفل میں مفتی محمد عامر‘ ممبر اسلامی نظریاتی کونسل اور چوہدری عنصر سمیت دیگر نے شرکت کی۔ حسان حسیب الرحمان نے کہا کہ یوم آزادی پاکستان کے موقع پر عظیم افواج اور سپہ سالار کو یقین دلاتے ہیں کہ وطن عزیز پاکستان کے استحکام اور حفاظت، اسلام کے پرچم کی سربلندی اور وطنِ عزیز کی جغرافیائی اور نظریاتی حدود کی حفاظت کیلئے جو قدم اٹھایا جائیگا ہم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ الحاج حضرت خواجہ پیر محمد حبیب الرحمان المعروف لاثانی کی پوری زندگی عشقِ رسولؐ سے عبارت ہے۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمان نے وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواج پاکستان کی سربلندی اور اتحاد بین المسلمین کیلئے دعا کروائی۔