چارسدہ روڈ پشاور پر 5 ہزار کلو سے زائد مضر صحت گڑ برآمد، یونٹ سیل

August 08, 2022

پشاور ( وقائع نگار )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے پشاور کے علاقے چارسدہ روڈ پر کاروائی کرتے ہوئے جعلی گڑ تیار کرنے والی ایک فیکٹری سربمہر کردی ہے۔ یونٹ میں گنے کے بجائے خراب گڑ، چینی اور مضر صحت کیمکلز کی مدد سے گڑ تیار کیا جارہا تھا۔ فیکٹری سے 5000 کلو سے زائد مضر صحت گڑ برآمد کرکے تلف کردیا گیا۔ کاروائی کے دوران فیکٹری کو سیل جبکہ ملوث افراد کے خلاف بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق یونٹ سے 500لیٹر سے زائد گلوکوز سیرپ اور مضر صحت رنگ بھی برآمد کرکیا گیا، جو گڑ کی تیاری میں استعمال کیا جارہا تھا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق مضر صحت گڑ کی تیاری میں ملوث افراد کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت کاروائی کی جائیگی۔ جعلی یونٹ سے مضر صحت گڑ شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاتا تھا۔ گڑ کی تیاری میں گندے برتنوں کا استعمال کیا جارہا تھا، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کی جارہی تھی، فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق گڑ میں ملاوٹ کے خلاف اتھارٹی کی کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، اور ایسے گھناونے عمل میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔