ڈیلی الاؤنس نہ ملنے پر ہاکی کھلاڑیوں نے کھیلنے سے انکار کیا تھا،ذرائع

August 08, 2022

بر منگھم( نمائندہ خصوصی) باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے ڈیلی الائونس کی عدم ادائیگی کی وجہ سے کامن ویلتھ گیمز کے دوران نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے قبل کھیلنے سے انکار کردیا تھا،ان کا کہنا تھا کہ ہم مالی مشکلات سے دوچار ہیں کھلاڑیوں کے پاس روزگار نہیں ہے اس کے باوجود وہ کھیل رہے ہیں اس پر توجہ دی جائے،ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو کھیلنے کے لئے راضی کرنے کے لئے پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈ ئیر( ر) خالد سجاد کھوکھر نے ورچوئل رابطہ کیا اور انہیں کھیلنے پر تیار کیا، پی ایچ ایف کے صدر نے کھلاڑیوں کو یقین دلایا کہ وطن واپسی پر ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے حکومت سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ایونٹ میں پاکستان نے ساتویں پوزیشن حاصل کی پاکستان نے گروپ میں اسکاٹ لینڈ اور کینیڈا کے خلاف پوزیشن کے میچ میں کامیابی حاصل کی، جنوبی افریقا سے ڈرا کھیلا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔