• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈر 19 ورلڈ کپ چیمپئنز ٹرافی ، ایشیا کپ، سرفراز بھارت کیلئے ڈراؤنا خواب، فائنل جیتنے کی تاریخ پرانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق کپتان سرفراز احمد کے متعلق کہا جاتا ہے کہ سرفراز دھوکا نہیں دے گا۔ وہ بھارت کیلئے ڈراؤنا خواب ثابت ہورہے ہیں، بھارت کو فائنلز میں ہرانے کی ان کی تاریخ پرانی ہے۔ اوول میں2017 کی چیمپئنز ٹرافی کی تاریخی فتح کون بھول سکتا ہے جس نے سرفراز کو پاکستان کا پہلا کپتان بنایا جس نے نہ صرف آئی سی سی ایونٹ میں بھارت کو شکست دی بلکہ فائنل کی ٹرافی بھی اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کے نام کی۔ سرفراز احمد کی قیادت میں 2006 میں پاکستان نے انڈر 19 ورلڈکپ کے فائنل میں بھارت کو شکست دی تھی اور ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اور اب ان کی رہنمائی میں پاکستان انڈر 19 نے بھارت کو عبرت ناک شکست دےکر ایشیا کپ ٹائٹل بھی اپنے نام کرلیا۔ پاکستان انڈر 19 کے مینٹور سرفراز احمد نے کہا ہے کہ خدا کا شکر ہے، نوجوانوں نے بڑی محنت کی، میں نے تھوڑی رہنمائی کی، نوجوانوں کو اعتماد دیا اور وہ توقعات پر پورا اترے۔ اتوار کو دبئی میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں کچھ نہیں کرتا، یہ سب اللّٰہ کا کرم ہے، سب نے محنت کی اور نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ میں نے لیکچر نہیں دیا، بس کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ ہے، اور وہ ٹیلنٹ کو میدان میں دکھایا، انہوں نے کہا کہ سمیر منہاس نے دباؤ میں بہت بڑی اور شاندار اننگز کھیلی، ملتان میں کوچز نے سمیر منہاس کے ساتھ بہت محنت کی رہنمائی کی۔ اچھی کارکردگی کا پورا کریڈٹ سمیر کو کریڈٹ جاتا ہے۔ علی رضا،عبدالسبحان ، صیام نے بہت محنت سے بولنگ کی ، جیت ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، ہر پلیئر نے اپنا اپنا کردار ادا کیا جس نے چیمپئن بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ فائٹر ہو تو ٹیم کو فائٹ کرتے ہوئے دکھاؤ اور ٹیم نے دبئی میں فائٹ کی ہے۔ اس سوال پر کہ سرفراز احمد زندہ باد اور محسن نقوی زندہ باد کے نعرے لگنے پر کیسا محسوس ہوا تو انہوں نے کہا کہ خدا کا جتنا شکر کریں کم ہے، آپ صرف اچھا گمان کریں تو اچھا نتیجہ نکلتا ہے۔