عمران خان کلین بولڈ، PTI میں رجیم چینج کا وقت آگیا، اکبر ایس بابر

August 08, 2022

اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس کے درخواست گزاراکبر شیر بابر نے کہا ہے کہ عمران خان کلین بولڈ ہو چکا ہے اور یہ وقت پاکستان تحریک انصاف میں رجیم چینج کا ہے، یہ پارٹی ہم نے بنائی ہے اور عمران خان کو پارٹی بانی افرادکے حوالے کرنا ہوگی۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ غیر ملکی فنڈنگ کیس میں عمران خان سمیت جن لوگوں نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے ان کے خلاف قانون پو ری قوت کے ساتھ نافذ ہونا چاہیے، قانون اورآئین مصلحتوں کا شکار نہیں ہونا چاہیے، آئین اور قانون ہر وقت اور ہرصورت میں لاگو کرنا ہے۔ عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو نشانہ بنایا اس پرہمارے اداروں کو نوٹس لینا چاہیے۔ عمران خان فنانشل ٹائمز کے خلاف بیان کیوں نہیں دیتا، کیوں لندن میں اس کے خلاف مظاہرہ نہیں کرتا اورکیوں اس کو ہتک عزت کا نوٹس نہیں دیتاکیونکہ اس کو پتا ہے کہ اگر وہاں ایسی حرکت کرے گاتووہاں کا قانون اس کو اپنے قبضہ میں لے، لے گا۔ آج کے ریٹ کے حساب سے عمران خان نے سواارب روپے کے قریب غیر ملکی فنڈنگ وصول کی۔ ہر فرعون کے سامنے اللہ تعالیٰ ، موسیٰ پیداکرتا ہے۔