وفاقی کابینہ نے مون سون ایمرجنسی کا اعلان کر دیا

August 08, 2022

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمٰن نے تمام متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو مون سون بارشوں کے دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے مون سون ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے کیونکہ 10 سے 14 اگست تک ملک کے مختلف حصوں میں شدید مون سون کی بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات خلیج بنگال پر بننے والے بارشوں کے نظامکو دیکھ رہا ہے جس کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے، اس لئے ہمیں بارشوں کے نئے سپیل کے لئے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔ آج سے کچھ علاقوں میں بارشوں کا نیا سپیل شروع ہو جائے گا۔ شیری رحمٰن نے کہا کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور تمام صوبائی و ضلعی انتظامیہ کو احتیاتی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ اس لئے تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔ بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے ندی نالوں کو صاف رکھنے کی ضرورت ہے لوگوں سے گزارش ہے کہ ان بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔