5اگست کشمیریوں کیلئے سیاہ ترین دن ہے، خواجہ مقبول وار

August 09, 2022

اوٹفورڈ(نمائندہ جنگ) وٹفورڈ اور لندن کمیونٹی کی جانب سے کونسلر عمران حمید نے پاکستان سے آئے ایڈووکیٹ جنرل آزاد جموں و کشمیر خواجہ مقبول وار کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ جس میں سابق بینکر تنویر اختر، ہاؤس آف لارڈ برطانیہ کے تاحیات رکن لارڈ قربان حسین،سابق مئیر چشم ظفیر بھٹی ، کونسلر امجد علی، حاجی محمد منیر ، راجہ ذیشان، سردار ظہور، ارسلان چوہدری، ملک رشید ،محمد رمضان اور دیگر سیاسی ، سماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے جوڈیشری نظام اور بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تفصیلاً گفتگو ہوئی۔ ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن 15اکتوبر تک ہر صورت میں ہوں گے اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو فنڈز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔5اگست کشمیریوں کے لیے سیاہ ترین دن ہے، اس حوالے سے بھی بات کی گئی۔ ان رہنماؤں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ پندرہویں ترمیم کا مسودہ واپس لیا جائے ۔ اس موقع پر بلوچستان میں شہید ہونے والے فو جی افسران کے لیے دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ ان شہداء کے درجات بلند فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ پروگرام کے آخر میں ایڈووکیٹ جنرل خواجہ مقبول وار کو انکی جوڈیشری میں اعلیٰ خدمات پر کونسلر عمران حمید اور کمیونٹی لیڈرز کی جانب سے شیلڈ بھی پیش کی گئی۔اس موقع پر مسئلہ کشمیر کے حل اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔