پاکستان کرکٹ ٹیم کا شاہینز کیخلاف پریکٹس میچ پھر ملتوی

August 09, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیدر لینڈ کے دورے کی تیاریوں کے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا پاکستان شاہینز کے خلاف پریکٹس میچ ایک بار پھر ملتوی کردیا گیا ہے۔ٹیم کی تیاریاں متاثر ہورہی ہیں، پاکستانی ٹیم پچاس اوورز کے دو پریکٹس میچ کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے مابین پریکٹس میچز اب 10اور 11اگست (بدھ اور جمعرات ) کو کھیلے جائیں گے۔ یہ دونوں میچز ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ قومی اسکواڈ نے پیر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کوچز کی نگرانی میں پریکٹس کی۔ یوم عاشور پر کیمپ میں کوئی کرکٹ سرگرمی نہیں ہوگی۔ پاکستانی اسکواڈ 11اور 12اگست کی درمیانی شب لاہور سے روٹرڈیم روانہ ہوگا۔ پاکستانی شاہینز کی کپتانی سعود شکیل کریں گے۔