ایران، افغان شہری نے خنجر کے وار سے 10 افراد قتل کردیئے

August 09, 2022

تہران (اے ایف پی، جنگ نیوز) ایران کے صوبے کرمان میں ایک افغان مہاجر نے خنجر سے وار کرتے ہوئے 10 افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ حملہ آور فرار ہونے کی کوشش میں تھا کہ پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق افغان مہاجر نے یہ حملہ ذاتی اختلافات کی وجہ سے کیا۔سرکاری نشریاتی ادارے’آئی آر آئی بی‘ کے مطابق ملزم مبینہ طور پرذہنی مریض ہے اور منشیات کا عادی ہے۔ ایرانی نیوز ایجنسی نے کرمان کے قائم مقام گورنر حسین رضائی کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ واقعہ اتوار کو پیش آیا۔ حسین رضائی کا کہنا تھا، رفسنجان میں ایک افغان شہری نے ذاتی اختلافات کی بنا پر دس افراد کو قتل کر دیا ہے۔‘‘گورنر کے مطابق حملہ آور شام کو صوبے سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ اسے پولیس نے گرفتار کر لیا۔ یہ واقعہ رفسنجان کے ایک دیہی علاقے میں پیش آیا۔ ہلاک ہونے والوں میں چھ افغان اور چار ایرانی شہری شامل ہیں۔ اس حملے میں ایک شخص کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ایران ایک عرصے لاکھوں افغان مہاجرین کو پناہ دیے ہوئے ہے۔ ایران کی افغانستان کے ساتھ تقریبا 900 کلومیٹر طویل سرحد ہے۔