انڈر 19 کرکٹ، تیسرے راؤنڈ کے تمام میچ بارش سے متاثر

August 11, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی انڈر19 کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے رائونڈ میں دوپہر کے بعد تمام میچ بارش سے متاثر ہوئے۔ خیبرپختونخوا انڈر 19 بلیوز نے ناردرن بلیوز کے خلاف دو وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز بنالیے ہیں۔ اوپنر محمد فاروق نے 54 رنز بنائے۔ ٹی ایم سی گراونڈ میں بلوچستان انڈر 19 بلیوز نے سندھ بلیوز کے خلاف چار وکٹوں پر 97 رنز بنالیے ہیں۔ اوپنر باسط علی نے 60 رنز بنائے جس میں سات چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ کے سی سی اے گراؤنڈ میں سدرن پنجاب بلیوز نے سنٹرل پنجاب بلیوز کے خلاف 29 اوورز میں دو وکٹ پر 91 رنز بنائے۔ پول بی کے میچ میں یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں بلوچستان انڈر 19 وائٹس نے سندھ وائٹس کے خلاف 30 اوورز میں تین وکٹوں پر 120 رنز بنائے۔ اوپنر علی اسحاق نے 57 رنز بنائے ۔ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں، ناردرن انڈر 19 وائٹس اور خیبرپختونخوا انڈر 19 وائٹس کے درمیان صرف 28.2 اوورز کا کھیل ممکن ہوا۔ ناردرن وائٹس نے تین وکٹ پر 53 رنز بنائے۔ راشد لطیف کرکٹ اکیڈمی میں گروپ کے تیسرے میچ میں سنٹرل پنجاب انڈر 19 وائٹس نے سدرن پنجاب انڈر 19 وائٹس کے خلاف 28 اوورز میں تین وکٹوں پر 68 رنز بنائے۔