ابراہیم حیدری کے ماہی گیروں نے چینی باشندے کو ڈوبنے سے بچا لیا

August 11, 2022

کراچی (افضل ندیم ڈوگر) کراچی میں ابراہیم حیدری کے قریب گہرے سمندر میں ماہی گیروں نے ایک چینی باشندے کو سمندر میں ڈوبنے سے بچایا اور اسے ریسکیو کر کے کنارے تک پہنچا دیا۔ فشر فوک فورم ذرائع کے مطابق کراچی کے بھنڈار جزیرے کے قریب پھٹی کریک کے مقام پر ایک چینی باشندہ سمندر میں ڈوب رہا تھا۔ اس دوران وہاں شکار میں مصروف ابراہیم حیدری کے ماہی گیروں کے ماہی گیروں کی نظر پڑی جنہوں نے فوری طور پر اپنا شکار چھوڑ کر چینی باشندے کو ڈوبنے سے بچایا اور چینی باشندے کو کشتی میں بٹھا کر ابراہیم حیدری پہنچایا۔ چینی زبان سے ناواقفیت کی وجہ سے چینی باشندے کے بارے میں مزید معلومات سامنے نہیں آ سکی تاہم اسے پوچھ گچھ کے لیے میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے حوالے کردیا گیا۔