آرآئی یوجے کی پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے صحافیوں سے بدتمیزی کی مذمت

August 11, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) بنی گالا ہاؤس کے باہر سینیٹر فیصل جاوید خان اور افتخار درانی کی میڈیا سے گفتگو کے دوران انکے سٹاف نے میڈیا والوں سے ہاتھا پائی کی کیمرہ مین واجد کو دھکے دیئے اور تھپڑ مارے،آر آئی یو جے جرنلسٹس دستور کے صدر سید قیصر عباس شاہ .فنانس سیکرٹری مرزا عبد القدوس نے واقعے کی بھرپور مذمت کی ہے، انہوں نے پی ٹی آئی کی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے کارکنوں کو تمیز سیکھائیں اور اخلاقی دائرے میں رہنے کی تلقین کریں ورنہ میڈیا کارکن اپنی حفاظت کرنا جانتے ہیں، صحافیوں کیساتھ کسی قسم کی بدتمیزی قطعا برداشت نہیں کی جائیگی، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس برنا کے صدر عابد عباسی ،جنرل سیکرٹری طارق علی ورک ،فنانس سیکرٹری کاشان اکمل گل اور مجلس عاملہ کے اراکین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے ویڈیو جرنلسٹس واجد،ارسلان بلوچ، مدثر جاوید اور دیگر صحافیوں پر تشدد کیا گیا ہے ،پی ٹی آئی اپنے کارکنان کی تربیت کرے اور چیئرمین عمران خان ایسے عناصر کیخلاف کارروائی کریں جو انکی پارٹی کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں ،صحافی اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیتے ہیں اسطرح کے واقعات کو کسی طور پر برداشت نہیں کیا جا سکتا انہوں نے وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ صحافیوں پر تشدد کرنیوالوں کیخلاف فوری کارروائی عمل لائی جائے اگر صحافیوں پر تشدد کرنیوالوں کیخلاف کارروائی نہ کی گئی تو آر آئی یو جے جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریگی۔