حکمرانوں نے لوٹ مار کا بازار گرم کیا ہوا ہے، سراج الحق

August 11, 2022

لاہور( نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے لوٹ مار کا بازار گرم کیا ہوا ہے۔ ملک اور قوم کو سیاسی و معاشی دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے اپنے انجام کی فکر کریں۔ پی ڈی ایم اور پی پی کی اتحادی حکومت نے چندماہ میں ہی عوام کے چودہ طبق روشن کر دیئے۔ مہنگائی،بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ سے لوگ ڈپریشن کا شکار اور شدید پریشان ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے دیرپائن کی تحصیل مسکینی میں کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جماعتوں نے 22کروڑ عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ۔ سودی معیشت اور کرپشن مسائل کی جڑ ہیں۔ استعماری طاقتوں اور ان کے وفاداروں نے دنیا کے واحد اسلامی ایٹمی طاقت کو سازشوں کی آماجگاہ بنایا ہوا ہے۔ حکمرانوں نے ایجنڈے کے تحت ملک کو آئی ایم ایف کی غلامی میں دھکیلا۔ بالواسطہ ٹیکسوں کے ذریعے مہنگائی کا سارا بوجھ عوام پر ڈالنے کی بجائے طاقتور اشرافیہ، سول و ملٹری بیوروکریسی، وزرا، ارکان پارلیمنٹ، ججز اور دیگربڑے عہدوں پر فائز افراد کی مراعات ختم کی جائیں۔ سرکاری اشرافیہ سے ایکڑوں پر محیط سرکاری بنگلے، مفت بجلی، پٹرول کی سہولیات واپس لی جائیں۔ وہ ملک جہاں آٹھ کروڑ سے زائد لوگ خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں حکمرانوں کی عیاشیوں اور اللے تللوں کی مد میںہر سال اربوں روپے نقصان کیوں برداشت کرے۔ ملک کو پٹڑی پر ڈالنے کیلئے اہل اور ایمان دار قیادت درکار ہے۔ تینوں بڑی جماعتیں بری طرح ایکسپوز ہو گئیں، قوم اسلامی فلاحی پاکستان بنانے کیلئے جماعت اسلامی کا انتخاب کرے۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک مہنگائی کی آگ میں جل رہا ہے، بے روزگاری کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا، گھنٹوں لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی تباہ ہو کر رہ گیا، بارشوں اور سیلاب سے سیکڑوں افراد لقمہ اجل بن گئے، لوگوں کے گھر پانی میں بہہ رہے ہیں، مگر حکمران آپسی مفادات کی لڑائی میں مصروف ہیں۔