کیوی کرکٹر راس ٹیلر کا کیریئر میں نسل پرستی کا نشانہ بننے کا انکشاف

August 12, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ کرکٹ حکام سابق کپتان راس ٹیلر کے کیریئر کے دوران نسل پرستی کا نشانہ بننے کےالزامات کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ 38 سالہ کرکٹر 16 سال کے شاندار کیریئر کے بعد رواں سال اپریل میں ریٹائر ہوگئے تھے۔ حال ہی میں شائع ہونے والی اپنی سوانح عمری ’’بلیک اینڈ وائٹ‘‘ میں سابق بیٹرنے کہا کہ انہوں نے ٹیم کے ساتھیوں کے چبھتے ہوئے نسل پرستانہ تبصرے برداشت کیے۔ لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کس سطح پر نشانہ بنایا گیا۔ راس ٹیلر نے اپنی رنگت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنے کیریئر کے بیشتر حصے میں وہ ایک گوری رنگت کے حامل افراد کی لائن اپ میں سب سے الگ بھورے چہرے والی شخصیت تھے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بورڈ کے تر جمان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ نے کتاب کے کچھ حصوں پر گفتگوکے لیے راس ٹیلر سے رابطہ کیا ہے، نیوزی لینڈ کرکٹ نسل پرستی کی مذمت کرتا ہے، ہم راس کو اپنے کرکٹ خاندان کا اہم حصہ سمجھتے ہیں۔یہ اطلاعات سامنے آنے پر سخت مایوس ہیں۔