ریلوے آئین پاکستان کے مطابق ایک فلاحی ادارہ ہے،پریم یونین

August 12, 2022

لاہور( خصوصی نمائندہ)پاکستان ریلوے پریم یونین کے زیراہتمام تقریب اور اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر شیخ محمدانورنے منصور احمدسفری کو پریم یونین کانائب صدر جبکہ ریاض احمد آسی کو لاہور ڈویژن کا پیٹرن انچیف مقرر کردیا۔اس موقع پرریلوے ٹریفک یارڈسٹاف کے ملازمین نے بھاری تعداد نے پریم یونین میں شمولیت کا اعلان کیا۔اجلاس سے پریم یونین کے مرکزی چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری،جماعت اسلامی کے راہنما سردارظفرحسین،محبوب الزماں بٹ،انجینئر عظیم رندھاوا، فیاض احمدشہزاد،میاں اعجازحسین،محمدآصف اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان کے مطابق ریلوے کمرشل نہیں بلکہ فلاحی ادارہ ہے، فلاحی ادارے نفع نقصان کی بنیاد پر نہیں بلکہ عوام کی فلاح و بہبودکے لئے چلائے جاتے ہیں جن کی کارکردگی حکومتی مالی سپورٹ پر ہی ممکن ہوتی ہے، جس طرح موٹروے، میٹرو،اورنج ٹرین،سرکاری تعلیمی ادارے اور ہسپتال جیسے ادارے حکومت کی مالی مدد سے عوام کو سہولیات فراہم کرتے ہیں۔پریم یونین کامطالبہ ہے کہ فوری طور پر ریلوے کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی جتنا بجٹ دیا جائے۔