جہانگیر پارک، متاثرہ کے ایم سی ملازمین کو 15 روز میں متبادل رہائش فراہم کرنے کا حکم

August 13, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے جہانگیر پارک کے ایم سی ملازمین کو متابدل کوارٹرز دینے سے متعلق درخواست پر پندرہ روز میں متاثرین کو رہائش دینے کا حکم دے دیا۔ جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو جہانگیر پارک کے ایم سی ملازمین کو متبادل کوارٹرز دینے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ کے ایم سی، واٹر بورڈ کے وکلا اور حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ واٹر بورڈ ملازمین سے کے ایم سی کوارٹر خالی کرانے کے لیے کیا کیا گیا؟ جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے کہ مالیوں، چوکیداروں کو بنگلے دے رکھے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ بڑے بنگلوں میں مالی، چوکیدار رہ رہے ہیں۔ کیا محمکہ میں کوئی چیک اینڈ بیلنس ہے؟ جو اصل حق دار ہیں وہ دھکے کھا رہے ہیں۔ جہانگیر پارک متاثرین کو کوارٹر کون دے گا؟ پوری کوشش کرلی مگر قبضے نہیں مل رہے۔ کے ایم سی کی پراپرٹیز کیسے الاٹ کر دی گئیں۔ جنہوں نے الاٹ کیں ان کے خلاف کیا کارروائی کی؟ کے ایم سی کے وکیل نے کہا کہ واٹر بورڈ سے بات چیت چل رہی ہے۔ ہم واٹر بورڈ سے درخواست کرچکے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ درخواست کیوں کرتے ہیں، جائیں قبضے ختم کروائیں۔ کیا واٹر بورڈ کے ملازم سابقہ ہیں یا ملازمت پر؟ وکیل نے کہا کہ کے ایم سی کے جواب میں ایسی کوئی نشاندھی نہیں ہوئی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیا ملازمین کرایہ ادا کر رہے ہیں؟ واٹر بورڈ کے وکیل نے کہا کہ واٹر بورڈ کے ملازمین کرایہ تک ادا نہیں کر رہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تو ایسے ملازمین کو فوری طور پر باہر نکالا جائے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ جہانگیر پارک تزئین و آرائش کے دوران پانچ ملازمین سے کوارٹر خالی کرایے گئے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ واٹر بورڈ کی زمین پر بھی کے ایم سی ملازمین رہائش پذیر ہیں۔ عدالت نے پندرہ روز میں متاثرین کو رہائش دینے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کے ایم سی اپنے ملازمین کو متبادل فراہم کرے اور رپورٹ جمع کرائے۔