حمزہ شہباز نے پرویزالٰہی کو وزیر اعلیٰ قرار دینے کا فیصلہ چیلنج کردیا

August 13, 2022

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)ن لیگی رہنما حمزہ شہباز شریف نے سپریم کورٹ کی جانب سے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کو کالعدم کرکے پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ قرار دینے کے فیصلے کو چیلنج کردیا ہے، نظر ثانی درخواست کی سماعت کیلئے فل کورٹ یا کم ازکم 12رکنی بینچ تشکیل دینے کی استدعا بھی کی گئی ہے، حمزہ شہباز نے جمعہ کے روز پرویز الٰہی ،دوست مزاری اور پنجاب حکومت کو بذریعہ چیف سیکرٹری فریق بناتے ہوئے سپریم کورٹ کے سابق فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی درخواست میں26جولائی 2022کے فیصلے کو واپس لینے جبکہ نظر ثانی درخواست کی سماعت کے لیے فل کورٹ یا کم ازکم 12رکنی بینچ تشکیل دینے کی استدعا کی ہے، درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ اٹھارویں ترمیم کیس میں سپریم کورٹ کے 11ججوں نے قرار دیا ہے کہ پارٹی سربراہ کی ہدایات کو نظر انداز کرنے پر منتخب رکن ڈی سیٹ ہوجاتا ہے لیکن زیر غور کیس میں تین رکنی بینچ نے اپنے فیصلے میں 11ججوں کی آبزرویشن کو مد نظر نہیں رکھا ہے اور ان کی آبزرویشن کو محض ریما رکس قرار دیدیا۔