پاکستان کا75واں یوم آزادی بھرپور انداز سے منائیں گے‘ ن لیگ

August 13, 2022

کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدر سابق میئر رحیم کاکڑ ،جنرل سیکرٹری جاوید اقبال، ذاکر بنگلزئی، ارباب اقبال، آصف حریفال اور نثار اچکزئی نے بیان میں کہا ہے کہ 14اگست کو بھرپور انداز میں منائیں گے اورکوئٹہ، پشین اور تحصیل ناناصاحب میں تقریبات منعقد کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ 14اگست تجدید عہد کا دن ہے اور یہ احتساب کا دن ہے۔تقریبات میں سکولوں کے بچوں کو انعامات دیئے جائیں گے۔ بیان میں پارٹی دوستوں کو کہا گیا کہ وہ ان تینوں پروگراموں میں بھرپور شرکت کریں۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی ہم سے تقاضا کرتی ہے کہ تمام گروہی اور معمولی اختلافات کو پس پشت ڈالتے ہوئے وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کے لئے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں اور جدوجہد کے بعد معرض وجود میں آیا جس کی بنیادوں میں ہمارے اکابرین اور شہدا ء کا خون شامل ہے۔