ورلڈ فیڈریشن فار میڈیکل ایجوکیشن نے پی ایم سی کی الحاق کی درخواست منظور کرلی

August 14, 2022

اسلام آباد (بلال عباسی) سال 2024تک پاکستانی ڈاکٹروں کے امریکہ جانے اور پریکٹس کرنے پر کوئی پابندی نہیں۔ ورلڈ فیڈریشن فار میڈیکل ایجوکیشن نے پاکستان میڈیکل کمیشن کی الحاق کی درخواست منظور کرلی۔ پاکستان میڈیکل کمیشن کے صدر ڈاکٹر ارشد تقی نے کہا ہے کہ 2024 ء تک پاکستانی ڈاکٹروں کے امریکہ جانے اور پریکٹس کرنے پر کوئی پابندی نہیں۔ ڈاکٹر ارشد تقی کا کہنا تھا کہ ڈیڈ لائن ختم ہونے سے قبل پی ایم سی کا ورلڈ فیڈریشن فار میڈیکل ایجوکیشن سے الحاق ہو جائے گا۔ صدر پی ایم سی نے کہا کہ ورلڈ فیڈریشن فار میڈیکل ایجوکیشن کے ساتھ الحاق کے عمل کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ ورلڈ فیڈریشن فار میڈیکل ایجوکیشن پاکستان میڈیکل کمیشن کے نظام کا جائزہ لے کر الحاق کی منظوری دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ الحاق کے عمل میں 12 سے 18 مہینے لگ سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امریکی فیڈریشن آف اسٹیٹ میڈیکل بورڈز کے وفد نے بھی جلد پاکستان آنے کی حامی بھرلی ہے اور انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف میڈیکل ریگولیٹری اتھارٹیز کا وفد بھی پاکستان آنے کو تیار ہوگیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پی ایم سی کو ختم اور پی ایم ڈی سی کو بحال کیا گیا تو عالمی اداروں سے الحاق کا عمل تعطل کا شکار ہو جائے گا۔