راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)پٹرولنگ پولیس راولپنڈی ریجن نے سیلاب سے متاثر 12 خاندانوں کو بچا لیا،90 مرد ،عورتیں اور بچوں کے ہمراہ 120 مویشیوں کو بھی ریسکیو کیا گیا،محفوظ مقام پر منتقل۔ دریائے سندھ بیلا میں طغیانی کے باعث سیلاب کی اطلاع پر پٹرولنگ پوسٹ شادی خان ضلع اٹک کی جانب سے ریسکیو آپریشن کے لئے سب انسپکٹر معظم منیر کی قیادت میں ٹیم روانہ کی گئی جس نے بروقت جائے وقوعہ پر پہنچ کر فوری امدادی کارروائی شروع کر دی ،ترجمان پی ایچ پی کاکہناہے کہ سیلاب کے باعث 12 خانہ بدوش خاندان متاثر ہوئے تھے یہ کل 90 افراد تھے جن میں مرد عورتیں اور بچے شامل ہیں،متاثرہ فیملیوں کے 120 مویشیوں کو بھی ریسکیو کیا گیا،ریسکیو آپریشن تقریباً 6 گھنٹوں میں کامیابی کیساتھ مکمل کر لیا گیا،تمام متاثرین کو فوری طور پر ان کے مال اسباب کے ساتھ ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر منتقل کیاگیا،سیلاب سے متاثر افراد نے پٹرولنگ پولیس کی خدمات کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔