راولپنڈی ( خصوصی نمائندہ) شہدائے کربلا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جڑواں شہروں کے امامبارگاہوں اور عزاخانوں میں مجالس عزا اور ماتمی جلوسوں کا سلسلہ جمعرات 7 محرم کو بھی جاری رہا ۔ اس موقع پر نوشاہ کربلا شہزادہ قاسم ابن حسن کی مہندی کے جلوس برآمد کیئے گئے راولپنڈی کا مرکزی جلوس مہندی امام بارگاہ حفاظت علی شاہ بوہڑ بازار سے برآمد ہوا۔مجلس کے اختتام پر برآمد ہونے والے جلوس مہندی میں مرکزی ماتمی دستوں اور شہر کے مختلف ماتمی دستوں نے نوحہ خوانی اور پرسہ داری کی۔ مختلف امامبارگاہوں میں علماء و ذاکرین نے مجالس سے خطاب کرکے فلسفہ حسینیت پر روشنی ڈالی۔