موہاٹہ پیلس، میڈیکل گرلز کالج کے خلاف فریق بننے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

August 16, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے موہاٹہ پیلس میں میڈیکل گرلز کالج کے قیام سے متعلق گیلری ٹرسٹ اور علاقہ مکینوں کی فریق بننے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا، درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے رہائشی پلاٹ پر کمرشل سرگرمیاں نہیں ہوسکتیں، محترمہ فاطمہ جناح کی زیر استعمال اشیاء اور قیمتی سامان کو برباد کردیا گیا، پیپلز پارٹی حکومت نے غیرقانونی ٹرسٹ بنا کر موہاٹہ پیلس حوالے کردیا،مسلسل کمرشل سرگرمیوں پر علاقہ مکینوں نے کوئی اعتراض نہیں کیا، میڈیکل کالج بنانے پر علاقہ مکینوں کے اعتراض کا کوئی جواز نہیں،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ محترمہ فاطمہ جناح نے موہاٹہ پیلس کو کالج بنانے کی وصیت کی تھی، جسٹس ذولفقار علی نے ریمارکس دیئے کہ محترمہ فاطمہ جناح سے غلطی ہوگئی انہوں نے یہ سوچا، کل آپ کہیں گے انہوں پاکستان بناکر بھی غلطی کردی، کیا محترمہ کی وصیت پر عمل نہیں ہونا چاہئے؟ عدالت نے فریق بننے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا اور سماعت30 اگست تک ملتوی کردی۔