شہر میں پانی و بجلی کا بحران برقرار، انتظامیہ خاموش تماشائی

August 17, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں پانی اور بجلی کی عدم فراہمی کا بحران برقرار ،انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے ، تفصیلات کے مطابق قائد آباد یونس چورنگی کے قریب علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے علاقے میں بجلی کی بندش اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین نے سڑک کے دونوں ٹریک بند کر دئیے جس کے باعث یونس چورنگی سے قائدآباد آنے اور جانے وا لا ٹریفک معطل ہوگیا ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ گلی محلوں میں گٹر کا پانی جمع ہے جبکہ پینے کا پانی گھروں میں نہیں آ رہا، گرمی کا زور ٹوٹنے کے باوجود 12 گھنٹوں سے زائد لوڈ شیڈنگ بھی کی جا رہی ہے جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں،علاوہ ازیں پاور ہاؤس چورنگی کے قریب علاقہ مکینوں نے علاقے میں تجاوزات کے خلاف کارروائی پر احتجاج کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایک طرف کام نہیں چل رہا اوپر سے دکانوں کو غیر قانونی قرار دیکر گرایا جا رہا ہے ، مظاہرین نے روڈ بلاک کر کے احتجاج کیا جس کے باعث سہراب گوٹھ جانےو الے راستے پر بد ترین ٹریفک جام ہوگیا۔