عمران خان کا الیکشن لڑنے کا اعلان، حکومت کو قانونی ماہرین کی حمایت نہ مل سکی

August 17, 2022

اسلام آباد (ایوب ناصر /نمائندہ جنگ) معلوم ہوا ہے کہ ضمنی انتخابات میں عمران خان کے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں سے الیکشن لڑنے کے اعلان پر اعتراضات دائر کرنے کے سلسلے میں حکومت کو قانونی ماہرین کی حمایت نہ مل سکی۔

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں کے بعد خالی ہونے والی 9 نشستوں پر 25 ستمبر 2022ء کو ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کر رکھا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے تمام حلقوں میں خود الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی داخل کر دئیے ہیں۔

دوسری جانب حکومت نے عمران خان کے اس فیصلے کے خلاف اعتراضات دائرکرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اور اس حوالے سے مسلم لیگ ن اور حکومتی اتحادیوں کے قانونی مشیروں نے کام مکمل کرلیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) لائرز ونگ کے صدر فضل الرحمن نیازی ، پیپلز پارٹی کے رہنما اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر ہارون الرشید اور سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل اسلام آباد ہائی کورٹ سید محمد طیب سے جب اس ضمن میں رائے لی گئی تو ان کا موقف تھا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے ایک سے زیادہ حلقوں سے الیکشن لڑنے پر کوئی قدغن نہیں۔