پاک بحریہ کے جہاز کا دورہ سری لنکا، لائن اسٹار مشق میں شرکت

August 17, 2022

کراچی(این این آئی)پاک بحریہ کے جہاز تیمور نے پاکستان کا پرچم لہراتے جذبہ خیر سگالی کے تحت کولمبو سری لنکا کا دورہ کیا، پی این ایس تیمور نے میری ٹائم ڈومین میں مشترکہ آپریشن کی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے سری لنکن بحریہ کے جہاز کے ساتھ دو طرفہ بحری مشق لائن اسٹار میں شرکت کی۔ بندرگاہ آمد پر سری لنکن بحریہ کے جہازوں، سری لنکن بحریہ کے حکام اور کولمبو میں پاکستان کے دفاعی اتاشی نے پاک بحریہ کے جہاز تیمور کا پر تپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر سری لنکا کے ملٹری بینڈ نے استقبالیہ دُھنیں بجائیں۔بندرگاہ کے دورے کے دوران پی این ایس تیمور کے کمانڈنگ آفیسر نے سری لنکن بحریہ کے ویسٹرن نیول ایریا کمانڈر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر گفت و شنید کے علاوہ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ کمانڈنگ آفیسر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے سری لنکا کی عوام کے لئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔پی این ایس تیمور نے سری لنکا میں پاکستان کے یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی بھی منائی۔ جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے پاکستانی ہائی کمیشن میں پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔ جہاز پر بھی یوم آزادی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سری لنکن بحریہ کے سینئر حکام سمیت دیگر ممالک کے سفارتی حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پاک بحریہ کے افسران نے سری لنکن بحریہ کے جہاز SINDURALA کا بھی دورہ کیا۔