صبر کا مزید امتحان نہ لیں، قیمتیں اپریل کی سطح پر واپس لائی جائیں، سراج الحق

August 17, 2022

لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم منصوعات کی قیمتیں کم، ہمارے ہاں بڑھائی جا رہی ہیں۔ حکمران عوام کے صبر کامزید امتحان نہ لیں، قیمتیں اپریل کی سطح پر واپس لائی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت سے متعلق تمام فیصلے آئی ایم ایف کے دباؤ پر ہو رہے ہیں۔حکومت آئی ایم ایف کے اشاروں پر عمل درآمد اپنی کامیابی کا پیمانہ سمجھتی ہے، معیار عوامی خدمت نہیں عالمی مالیاتی ادارے کی تابع داری ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد، حکومت نے ظلم کی انتہا کردی۔ پی ٹی آئی کی ناکامی کے بعد 13سیاسی جماعتوں کا مشترکہ سیٹ اپ بھی مکمل ناکام ہو گیا، سابقہ حکومت کے پونے چار سال کی کسر موجودہ حکومت نے پونے چار ماہ میں ہی نکال دی۔سراج الحق نے کہا کہ آج کے جدید دور میں بھی ہمارے پاس سیلاب اور بارشوں سے متعلق پیشگی اطلاعات کاموثر نظام موجود نہیں، ایمرجنسی حالات سے نمٹنے والے اداروں میں خود ایمرجنسی جیسے حالات ہیں۔ قوم آزمودہ سیاسی جماعتوں کو مسترد کر کے اہل اور ایمان دار قیادت کا انتخاب کرے۔ ہمیں مسائل کے حل کے لیے قرآن و سنت کی طرف رجوع کرنا ہو گا۔ اللہ کا نظام ہی بہتری لا سکتا ہے۔ ملک کو سود سے پاک معاشی نظام چاہیے، جماعت اسلامی ملک کو قرآن و سنت کا گہوارہ بنانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، عوام ہمارا ساتھ دیں۔