اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد) وفاقی حکومت کے ریونیو ڈویژن اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آئندہ مالی سال 2026- 27کے بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں کسٹمز سے متعلق تجاویز طلب کرلی ہیں، جس کے تحت تمام چیف کلکٹرز آف کسٹمز اور ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ فیلڈ فارمیشنز سے مشاورت کے بعد جامع اور یکجا شدہ تجاویز مرتب کرکے بورڈ کو ارسال کریں۔ ان تجاویز میں کسٹمز رولز، طریقۂ کار اور کسٹمز ایکٹ 1969میں ممکنہ ترامیم شامل کی جاسکتی ہیں تاکہ نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔ ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ ہر تجویز کو مقررہ فارمیٹس میں ایم ایس ورڈ پر تیار کیا جائے تاکہ کسٹمز ونگ انہیں مؤثر انداز میں جانچ اور جانچ پڑتال کے بعد حتمی شکل دے سکے۔